سندھ  اور  پنجاب  میں  سرد  موسم کے  باعث صبح اسکول کھلنے کے اوقات  تبدیل کردیے گئے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ایک بیان میں کہا ہےکہ موسم سرما کی تعطیلات کے بعد پنجاب بھر میں اسکول 10 جنوری سےکھل جائیں گے۔

نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اسکولوں کے اوقات میں ردوبدل کیا گیا ہے، سرد ی کی لہر کے باعث 22 جنوری تک اسکول صبح ساڑھے 9 بجے لگا کریں گے۔

اس سے قبل اسکول صبح آٹھ بجے کھلا کرتے تھے۔

اس کے علاوہ  سندھ کے سرکاری اور نجی اسکولوں کے اوقات  بھی تبدیل کردیےگئے ہیں۔

محکمہ تعلیم سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ میں اسکول صبح 9 بجے سے شروع ہوں گے، سردی کی حالیہ لہر کے باعث اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے، اسکولوں کے نئے اوقات 31  جنوری تک لاگو  رہیں گے۔

نئے اوقات کا اطلاق کراچی ریجن میں نہیں ہوگا۔

محکمہ تعلیم سندھ کراچی میں شدید سردی کے باعث اسکولوں کے کھلنے کے اوقات میں پہلی ہی تبدیلی کرچکا ہے۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری حکم نامے میں  سردیوں کے باعث 31 مارچ تک اسکول صبح ساڑھے 8 بجےکھولنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔